ایران کے ساتھ کشیدگی، جنگ کا فیصلہ کن نتیجہ جلد سامنے آئے گا، امریکی صدر کا دعوی

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کا جلد ہی کوئی نہ کوئی نتیجہ سامنے آ جائے گا۔امریکی ٹی وی ’نیوز نیشن‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تہران کے ساتھ محدود سطح پر مذاکرات جاری ہیں، اور یہ فیصلہ جلد کر لیا جائے گا کہ ان بات چیت کو جاری رکھا جائے یا ختم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ لوگوں کا خیال ہے کہ ایران سے متعلق بڑی پیش رفت وسط مدتی (مڈٹرم) انتخابات کے بعد ہوگی، تاہم آنے والے چند دن انتہائی اہم ہیں جن میں صورتحال بالکل واضح ہو جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوجی محاذ پر امریکا کی کارکردگی انتہائی شاندار ہے اور واشنگٹن کو ایران کے خلاف فوجی اور مالی دونوں حوالوں سے برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب، معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ایک بار پھر ایران پر حملوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف ایک مختصر مگر شدید فوجی کارروائی کرنے کے منصوبے پر سنجیدگی سے کام جاری ہے۔