تہران(رم نیوز) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کاکہنا ہے کہ خود جنگ کی آگ بھڑکانے اور دنیا بھر میں افراتفری پھیلانے کے بعد امریکہ کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ خود کو مظلوم ظاہر کرے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ واشنگٹن نے نو ماہ سے بھی کم عرصے میں دو بار ایسے وقت میں ایران پر حملے کیے جب مذاکرات جاری تھے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے میناب اور لامرد میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، ایرانی قیادت پر حملے کیے اور پابندیاں مزید سخت کر دیں۔ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکہ نے 17 جون کو اپنی دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کو بھی پامال کیا اور اب دنیا سے الٹا ایران کی مذمت کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس غیر قانونی جارحیت کی قیمت پوری دنیا خطے کے عدم استحکام اور معاشی بے یقینی کی صورت میں ادا کر رہی ہے، اور صرف بیانیے بدل کر ذمہ داری سے نہیں بچا جا سکتا۔