میزائل قوت میں ڈیڑھ گنا اضافہ،ایران کی جانب سے ’’بموں کے باپ‘‘ کی تیاری کا انکشاف

تہران(رم نیوز) پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ترجمان حسین محبی نے اعلان کیا ہے کہ ایران ایک انتہائی طاقتور نئے ہتھیار کی رونمائی کی تیاری مکمل کر رہا ہے، جسے "بموں کا باپ" قرار دیاگیاہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، حسین محبی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ہتھیار دشمن کے لیے بالکل ایک نئی اور غیر متوقع چیز ثابت ہوگا۔ یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر دنیا کے سب سے بڑے روایتی بم یعنی "بموں کی ماں" (MOAB) کے ممکنہ استعمال کے اشارے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ترجمان پاسدارانِ انقلاب نے مزید انکشاف کیا کہ جون 2025 میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والی 12 روزہ جنگ کے بعد سے ایران کے میزائل ذخیرے میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جدید ایرانی میزائلوں کی رینج، ہدف کو نشانہ بنانے کی درستگی اور تباہ کن صلاحیت میں شاندار بہتری لائی گئی ہے۔