عرب ممالک اور مسلم ورلڈ لیگ کا سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، سلامتی کونسل سے کارروائی کا مطالبہ

ابوظہبی(رم نیوز) متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، اردن، مصر اور مسلم ورلڈ لیگ سمیت متعدد عرب ممالک نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ان ممالک نے ان کارروائیوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ملک کی سلامتی و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ بحرین نے اس معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ قطر نے خبردار کیا ہے کہ ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانا فضائی سفر اور علاقائی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ علاوہ ازیں، متحدہ عرب امارات اور اردن نے سعودی عرب کے دفاعی اقدامات کی تائید کی ہے اور مصر نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے حملے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔