فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ پشاور، دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا عزم

راولپنڈی(رم نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے سیکیورٹی اہلکاروں کے اعلیٰ حوصلے کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے ہر وقت چوکس رہا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم پوری طاقت سے جاری رکھی جائے گی اور دہشت گردوں کو ان کے چھپنے کے مقامات پر نشانہ بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ انہوں نے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی غیر متزلزل حمایت اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے ہی ملک میں پائیدار امن اور استحکام کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے۔