"زیرو ریڈ لائنز" حکمت عملی،ایران کی جانب سے خلیج میں امریکی اثاثوں اور اے آئی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا انتباہ

تہران(رم نیوز)ایران کی قومی سلامتی کونسل کے مشیر محسن رضائی نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ یا اسرائیل نے کوئی فوجی کارروائی کی تو تہران خلیجی ممالک میں موجود امریکہ سے منسلک توانائی، ڈیٹا سینٹرز اور مصنوعی ذہانت کی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ سرکاری ٹی وی چینل 'پریس ٹی وی' کو انٹرویو دیتے ہوئے محسن رضائی نے "زیرو ریڈ لائنز" کی حکمت عملی کا حوالہ دیا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اصرار کیا ہے کہ واشنگٹن ایران پر دوبارہ حملہ کر سکتا ہے۔ محسن رضائی کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی معیشت کا انحصار یہیں سے ہے، اور مشرق وسطیٰ میں ڈیٹا سینٹرز اور اے آئی کے شعبے میں بڑی امریکی سرمایہ کاری موجود ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ چھڑی تو اس غیر مستحکم خطے میں امریکہ سے وابستہ 2 ٹریلین ڈالر سے زیادہ کا تکنیکی انفراسٹرکچر شدید خطرے میں پڑ جائے گا، اور متعدد کیبلز، ڈیٹا سینٹرز اور تنصیبات تباہ کر دی جائیں گی۔