ایران آج ترکی، پاکستان اور سعودی عرب کے سینئر حکام کی میزبانی کر رہا ہے: اسماعیل بقائی

تہران (رم نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران کو تمام صورتحال کا مکمل ادراک ہے، وہ ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے دفاع کے حق کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔

تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی کہ ایران آج ترکی، پاکستان اور سعودی عرب کے سینئر حکام کی میزبانی کر رہا ہے، اور اس اہم چار ملکی اجلاس کے انعقاد کی تجویز فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے پیش کی تھی جس پر ایران نے حامی بھری۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس کے دوران فلسطین، لبنان اور خطے کی موجودہ حساس صورتحال پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ علاقائی ممالک کے مابین باہمی اعتماد کا فروغ موجودہ حالات میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تہران خطے میں امن کے قیام اور اپنے قومی مفادات کے دفاع کے لیے تمام ممکنہ سفارتی اور عسکری اقدامات جاری رکھے گا۔