تہران (رم نیوز) ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت مسترد کیے جانے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کا اعتراف واشنگٹن کے سفارتی وعدوں کی کھوکھلی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا بار بار اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹتا ہے اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرتا ہے، جس سے سفارت کاری کے حوالے سے واشنگٹن کا رویہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔ ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ یورپی ممالک اس معاملے میں امریکا کو جواب دہی سے بچا رہے ہیں، جبکہ وعدوں کی اس طرح کی خلاف ورزی کا کوئی بھی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
امریکہ بار بار وعدہ خلافی کرتا ہے، سفارتکاری پر واشنگٹن کا رویہ نامناسب ہے: ایران