ایران جوہری تنازع کا واحد حل سفارت کاری ہے، جنگ ختم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کی جائے: چین

نیویارک (رم نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کے مستقل مندوب فوکانگ نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر تنازع کا حل صرف سفارت کاری میں مضمر ہے۔ سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے چینی مندوب نے زور دیا کہ جنگ ختم کرنے اور امریکہ و ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی بنیادی وجوہات میں امریکہ کا جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر الگ ہونا بھی شامل ہے۔ فوکانگ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی وجہ سے عالمی جوہری ادارے کی نگرانی کا عمل بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے ایران سے اپیل کی کہ وہ جوہری ہتھیار نہ بنانے کے عزم پر قائم رہے، جبکہ دیگر ممالک کو بھی ایران کے پرامن جوہری توانائی کے حق کا احترام کرنا چاہیے۔