اسرائیلی انتخابات میں اثرانداز ہونے کے الزامات،قطر نے دعوؤں کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دے دیا

دوحہ(رم نیوز) قطر نے اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کرنے اور ووٹروں کو متاثر کرنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے اسرائیل کے اندرونی سیاسی تنازعات میں گھسیٹنے کی ایک سوچی سمجھی مہم چلائی جا رہی ہے۔

اسرائیلی اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بعض اسرائیلی سیاستدان اپنی سیاسی ناکامیوں کا ملبہ قطر پر ڈال رہے ہیں اور وزیرِاعظم نیتن یاہو سے لے کر دیگر حلقوں کی جانب سے اس قسم کے الزامات عائد کرنا سراسر مضحکہ خیز اور خطرناک ہے۔ انھوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر ان بے بنیاد دعوؤں کو سچ مان لیا جائے تو یوں محسوس ہوگا کہ گویا پورا اسرائیل ہی قطر کی ملکیت بن چکا ہو۔

قطری ترجمان نے کہا کہ قطر کا اسرائیل کے انتخابی عمل یا سیاسی جوڑ توڑ میں کوئی کردار نہیں ہے اور نہ ہی ملک نے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کے لیے کسی قسم کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔