خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری، ایران امریکہ ثالثی پر محتاط امید ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(رم نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں پوری تندہی سے جاری ہیں، اور اس حوالے سے ہم محتاط انداز میں پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایک ماہ میں دو بار ایران کا دورہ اس سلسلے میں ایک مثبت پیشرفت کی علامت ہے۔

دفاعی اور علاقائی تعاون کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے میں نئے ارکان کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے۔ مشترکہ دفاع اور علاقائی امن پر یقین رکھنے والے تمام ممالک کا خیرمقدم کیا جائے گا، اور ایران سمیت کوئی بھی ملک اس 'مکہ معاہدے' کا حصہ بن سکتا ہے، جس کا حتمی فیصلہ تینوں ممالک کی سیاسی قیادت کرے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو دفاعی تعاون فراہم کرنا پاکستان کے عزم کا حصہ ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان مکمل طور پر پرعزم ہے، تاہم پاکستان یمن کے اندرونی تنازع کا ہرگز حصہ نہیں ہے۔ملکی سلامتی کے امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا، اور دہشت گردوں کے خلاف تمام آپریشنز انٹیلی جنس کی مصدقہ معلومات کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔