اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد علی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں یکم نومبر کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کے تاریخی دن کے موقع پر گلگت بلتستان کے عوام کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ یکم نومبر کو وزیراعظم کا گلگت بلتستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔
اجلاس کے دوران پن بجلی، بنیادی ڈھانچے، نلتر پاور پراجیکٹ اور 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ عوام جلد ان فلاحی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔