بلیو اکانومی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت، وفاقی وزیر اور ریکٹر بحریہ یونیورسٹی کی ملاقات میں تعلیمی تعاون پر اتفاق

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری اور بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کا بنیادی محور پاکستان میرین اکیڈمی اور بحریہ یونیورسٹی کے مابین تعلیمی و تحقیقی شعبے میں اشتراک کو مضبوط بنانا تھا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے بلیو اکانومی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سمندری معیشت کا ملکی جی ڈی پی میں حصہ فی الحال 0.4 فیصد ہے، جسے بڑھانے کے لیے بحری تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی پالیسیوں کو بحری شعبے کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ہنرمند افرادی قوت تیار کی جائے، ساتھ ہی ساحلی اور ماہی گیر برادریوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔

انہوں نے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کو بھی بلیو اکانومی کے لیے لازمی قرار دیا۔ دوسری جانب، ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل عابد حمید نے وفاقی وزیر کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بحریہ یونیورسٹی پاکستان میرین اکیڈمی کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ادارے میں بحری تعلیم اور جدید ریسرچ کے لیے پہلے سے ایسے مواقع موجود ہیں جنہیں اس شراکت داری کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔