اسلام آباد(رم نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک چین ریسرچ سینٹر فار پارٹی اینڈ اسٹیٹ گورننس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان پارلیمانی تعاون اور ادارہ جاتی روابط وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کا طرزِ حکمرانی اور معاشی تجربات پاکستان کے لیے بہترین رہنمائی ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ غربت کے خاتمے، دیہی ترقی، ڈیجیٹل گورننس اور صنعتی شعبے میں چین کی پیش رفت انتہائی قابلِ تحسین ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں سرمایہ کاری، روزگار اور ہنرمندی کے فروغ کو ترجیح دی جانی چاہیے، اور سی پیک 2.0 زراعت، صنعتی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور علاقائی رابطوں کے فروغ کے لیے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔