ڈیجیٹل اثاثوں کو مالیاتی نظام میں جگہ حقیقی معاشی فوائد اور کاروباری آسانی کی بنیاد پر ملنی چاہیے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی سفر استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے، جس کے لیے مالیاتی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافہ اور نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کو ایسی مالیاتی جدت کی ضرورت ہے جو کاروباری لاگت کو کم کرے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنائے۔

ڈیجیٹل اثاثوں کو مالیاتی نظام میں جگہ حقیقی معاشی فوائد اور کاروباری آسانی کی بنیاد پر ملنی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاک چین نیٹ ورکس پر ڈپازٹ ٹوکنز کا استعمال ڈیجیٹل مالیاتی جدت کی عملی مثال ہے، جبکہ مرکزی بینک ذخائر کے ذریعے سرحد پار ادائیگیوں کے امکانات کا جائزہ بھی لے رہا ہے۔ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ رقوم کے تحفظ اور خطرات سے نمٹنے میں بینکوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ "ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ 2026" کے تحت پاکستان میں قانونی فریم ورک قائم کر دیا گیا ہے، اور "پیوارا" ورچوئل اثاثہ خدمات فراہم کرنے والوں کی لائسنسنگ اور نگرانی کی ذمہ دار ہے۔