ایران سے معاہدے کے قوی امکانات، تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گی:ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک نیا معاہدہ طے پانا بالکل ممکن ہے، کیونکہ تہران حکومت کسی سمجھوتے پر پہنچنے کی خواہاں ہے۔ واشنگٹن میں لنکن میموریل ریفلیکٹنگ پول پر اپنے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور حالات اس سمت میں بڑھ رہے ہیں، تاہم انہوں نے جاری بالواسطہ مذاکرات کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

اس موقع پر امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ تیل کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں 10 ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جسے انہوں نے تاریخ کی سب سے بڑی یومیہ کمی قرار دیا۔ انہوں نے پختہ عزم ظاہر کیا کہ تیل کی قیمتیں مستقبل میں مزید نیچے جائیں گی کیونکہ امریکہ اس تنازع میں مکمل فتح کی جانب گامزن ہے۔