جی سی سی ممالک سے کوئی دشمنی نہیں، خطے کا امن بیرونی مداخلت کے بغیر چاہتے ہیں: ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی

تہران / دوحہ(رم نیوز) ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران کو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے کسی بھی رکن ملک سے کوئی دشمنی یا مخاصمت نہیں۔قطری ثالثوں کے ساتھ اہم ملاقات کے بعد وطن واپسی پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے قطر اور عمان کے مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کو بھرپور انداز میں سراہا، اور تصدیق کی کہ سعودی عرب کے ساتھ بھی بات چیت کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تہران کا بنیادی مقصد خطے میں ایک ایسے نئے اور خود مختار سیکیورٹی نظام کی تشکیل ہے، جسے خلیجی ممالک خود مل کر طے کریں اور اس سلامتی کے ڈھانچے میں خطے سے باہر کی کسی بھی غیر ملکی فوجی موجودگی کی کوئی ضرورت نہ ہو۔