پرتگال(رم نیوز) فٹبال کی دنیا کا وہ چمکتا ہوا ستارہ، جس کی ایک ایک جھلک دیکھنے کے لیے کروڑوں دل دھڑکتے ہیں، اب اپنے اس سفر کو الوداع کہہ چکا ہے جو اَن گنت ریکارڈز اور یادگار لمحوں سے سجا ہوا تھا۔ پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے بالآخر 23 سالہ طویل، شاندار اور تاریخی انٹرنیشنل کیریئر کے بعد قومی ٹیم کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا ہے۔ 234 میچوں میں 146 گولز کا یہ پہاڑ جیسا ریکارڈ صرف اعداد و شمار نہیں، بلکہ اس کے اٹل عزم، محنت اور فٹبال سے جنون کی ایک ایسی داستان ہے ۔ محض 19 برس کی عمر میں جب دنیا اس نوجوان کو حیرت سے دیکھ رہی تھی، رونالڈو نے یورو 2004 میں یونان کے خلاف اپنے کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل گول داغ کر دنیا کو اپنی صلاحیتوں کو دکھادیاتھا۔
2006 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو شکست ہوئی، کوارٹر فائنل کے سنسنی خیز پنالٹی شوٹ آؤٹ میں وہ فیصلہ کن شاٹ، جس نے پرتگال کو دہائیوں بعد سیمی فائنل میں پہنچایا، رونالڈو کے اعصاب کی مضبوطی کا پہلا بڑا امتحان تھا۔ 2013 میں سویڈن کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایک مقابلے میں اکیلے رونالڈو نے تین گول کرکے پوری پرتگالی ٹیم کو عالمی میلے کا ٹکٹ دلایا۔ یورو 2016 کے فائنل کا منظر کون بھول سکتا ہے جب فائنل کے آغاز میں ہی شدید انجری کے باعث رونالڈو کو میدان سے باہر جانا پڑا، لیکن میدان کے باہر کھڑے ہو کر جس طرح انہوں نے ٹیم کی رہنمائی کی اور پرتگال کو پہلی بار یورپی چیمپئن بنتے دیکھا، وہ تاریخ کا حصہ ہے۔
2018 میں سپین کے خلاف ہیٹ ٹرک بہت یادگار ہے۔ ورلڈ کپ کے اس سنسنی خیز میچ میں آخری لمحات میں شاندار فری کک سمیت تین گول کرکے میچ 3-3 سے برابر کرناکیریئر میں اہم تھا ۔ 2021 میں آئرلینڈ کے خلاف میچ کے آخری لمحات میں دو گول کرکے 111 انٹرنیشنل گولز کاریکارڈ ان کے کیریئر کا اہم ترین سنگ میل تھا۔ نیشنز لیگ 2025 میں اپنے کیریئر کے آخری ایام میں بھی سپین کے خلاف فائنل میں فیصلہ کن گول سکور کرکے پرتگال کو ایک اور شاندار ٹائٹل جتوانا ان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کو خیر باد ضرور کہا ہے لیکن ان کا نام اور ان کی فتوحات ہمیشہ کے لیے انٹرنیشنل فٹبال کی تاریخ میں سنہری حروف میں چمکتی رہیں گی۔