مڈٹرم انتخابات میں شکست،امریکی صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں ’ویٹو‘ کیپ سجا دی

واشنگٹن (رم نیوز) امریکی مڈٹرم انتخابات میں کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے صدارتی اختیارات کا منفرد انداز میں اظہار کیا ہے۔ اوول آفس میں تقریب کے دوران صدر ٹرمپ کی میز پر سرخ رنگ کی ایک کیپ رکھی گئی جس پر نمایاں طور پر ’ویٹو‘ درج تھا۔

سیاسی حلقوں میں اس اقدام کو ڈیموکریٹس کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ صدر کے پاس قانون سازی کے راستے میں رکاوٹ بننے کا آئینی حق موجود ہے۔ صدر ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے صدارتی ویٹو کے اختیار کو استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکی آئین کے تحت صدر کو کانگریس سے منظور ہونے والے کسی بھی بل کو مسترد کرنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے، البتہ کانگریس کے دونوں ایوان دو تہائی اکثریت سے اس ویٹو کو کالعدم بھی کر سکتے ہیں۔