اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے میٹا کے ساتھ مل کر سائبر فراڈ کے سدباب کے لیے سخت کارروائی کرتے ہوئے دوبارہ جاری (ری سائیکل) کیے گئے موبائل نمبرز پر چلنے والے 1 لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق، یہ اقدام ان شکایات کے بعد اٹھایا گیا جن میں منسوخ شدہ سموں کے پرانے ڈیٹا کو واٹس ایپ پر فراڈ کے لیے استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے پی ٹی اے نے میٹا کے ساتھ تقریباً ایک کروڑ ری سائیکل شدہ نمبرز کی فہرست شیئر کی تاکہ مشکوک اکاؤنٹس کی جانچ کی جا سکے۔
علاوہ ازیں، مستقبل میں ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے دونوں اداروں کے درمیان ماہانہ بنیادوں پر 5 ہزار ری سائیکل نمبرز کی فہرست کا تبادلہ کرنے کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس اس وقت تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل شدہ نمبرز موجود ہیں، اور پرانے صارف کی سم بند ہونے کے باوجود واٹس ایپ اکاؤنٹ فعال رہنے سے نئے صارف یا سائبر مجرموں کی طرف سے اس کے غلط استعمال کا خطرہ رہتا ہے، جسے روکنے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔