کینیڈا اور لبنان میں سکیورٹی اور استحکام کے لیے نئے شراکت دارانہ معاہدے کا باقاعدہ اعلان

اوٹاوا (رم نیوز) کینیڈا اور لبنان نے سکیورٹی اور خطے میں استحکام کو فروغ دینے کے لیے ایک نئی مشترکہ شراکت داری کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اہم اقدام کا باضابطہ اعلان کینیڈین وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے کیا ہے۔اوٹاوا میں اپنے لبنانی ہم منصب یوسف راجی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے "کینیڈا،لبنان پارٹنرشپ فار سکیورٹی اینڈ ریزیلینس" کا آغاز کیا۔ وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ نئی شراکت داری اس دیرینہ اور مضبوط دوستی کی عکاس ہے جسے کینیڈا میں مقیم لبنانی نسل کے افراد نے نسل در نسل مزید مستحکم کیا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے جنوبی لبنان کے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر بالخصوص زور دیا کہ پُرامن ماحول کی بحالی کے لیے عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور متاثرہ علاقوں تک فوری انسانی امداد کی بلاتعطل رسائی کی راہ ہموار کی جائے۔