انقرہ(رم نیوز)ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ترک ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، گفتگو کے دوران صدر اردوان نے واضح کیا کہ انقرہ عالمی اور علاقائی امن کے قیام کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا۔
ترک صدر نے امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کو محاذ آرائی کے بجائے فوری طور پر سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے یوکرین کے تنازع پر بھی گفتگو کی۔ صدر اردوان نے مؤقف اپنایا کہ یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے کیف اور ماسکو دونوں کے ساتھ رابطوں اور مشاورت میں اضافہ کیا جانا ناگزیر ہے۔