واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے، اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ جنگ چھڑنے کا امکان بہت کم رہ جائے گا۔ امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی مضبوط اور پائیدار معاہدہ طے پا جاتا ہے تو دوبارہ فوجی کارروائی کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ایران کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور امریکہ نے اسے فوجی و معاشی محاذ پر شدید نقصان پہنچایا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل طور پر مسمار کرنے کے حق میں نہیں ہیں، کیونکہ پلوں اور دیگر تنصیبات کی تباہی سے ملک کی تعمیرِ نو میں کم از کم 10 سال لگ سکتے ہیں اور پلوں کی تعمیر انتہائی مشکل عمل ہے۔ تاہم، انہوں نے انتباہ بھی کیا کہ ضرورت پڑنے پر امریکہ ایران کے خلاف دوبارہ طاقت استعمال کرنے کا پورا اختیار رکھتا ہے اور امریکہ کے پاس ایران کو مکمل طور پر ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔