حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒکا 149 واں یومِ پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

لاہور (رم نیوز)مفکرِ پاکستان، شاعرِ مشرق اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 149 واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس پرمسرت موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں ان کی فکری، ادبی اور سیاسی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں ہی حاصل کی؛ مشن ہائی اسکول سے میٹرک اور مرے کالج سیالکوٹ سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔ اس کے بعد آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ماسٹرز کیا اور اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ روانہ ہو گئے جہاں قانون (لاء) کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں، آپ نے جرمنی کا رخ کیا اور میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی۔ مفکرِ پاکستان نے کچھ عرصہ اورینٹل کالج میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیے، تاہم وکالت کو اپنے مستقل پیشے کے طور پر اپنایا۔

وکالت اور شعر و شاعری کے ساتھ ساتھ آپ عملی سیاست اور تحریکِ آزادی میں بھی پیش پیش رہے۔ آپ کی بے مثال علمی و ملی خدمات کے اعتراف میں 1922ء میں برطانوی حکومت کی جانب سے آپ کو ’سر‘ کے خطاب سے نوازا گیا۔ علامہ اقبالؒ کا شمار برصغیر پاک و ہند کی تاریخ ساز شخصیات میں ہوتا ہے۔ آپ نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ اور خودمختار وطن کا خواب دیکھا، بلکہ 1930ء میں الہٰ آباد کا تاریخی صدارتی خطبہ دے کر تحریکِ پاکستان کو ایک واضع سمت دی۔

آپ کے پیش کردہ تصورِ پاکستان اور قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی قائدانہ صلاحیتوں و ان تھک کوششوں کے نتیجے میں 14 اگست 1947ء کو مسلمانوں کو ایک آزاد مملکت نصیب ہوئی۔ شاعرِ مشرق نے اپنی آفاقی شاعری کے ذریعے نوجوانوں اور مسلم قوم میں غفلت کی نیند سے بیداری کی نئی روح پھونکی۔ آپ کے معروف اردو اور فارسی مجموعہ ہائے کلام میں بانگِ درا، ضربِ کلیم، ارمغانِ حجاز اور بالِ جبریل شامل ہیں۔ یاد رہے کہ مفکرِ پاکستان آزادیِ وطن سے قبل ہی 21 اپریل 1938ء کو اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے تھے، تاہم ایک عظیم فلاسفر اور رہنما کے طور پر قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔