لاہور (رم نیوز)شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے 149 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔ پاکستان نیوی کے سٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی نے پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے مشترکہ دستوں کا معائنہ کیا اور مزار پر رکھی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ یومِ اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے کلام نے برصغیر کے مسلمانوں کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی طاقت کا احساس دلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری میں آزادی، باعزت زندگی کے حصول، استحصال کے خلاف آواز اٹھانے اور محنت کشوں کو ان کا حق اور مقام دلانے کا ابدی پیغام پوشیدہ ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں شاعرِ مشرق کو دِلی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانانِ برصغیر میں سیاسی شعور بیدار کیا تاکہ وہ اپنی جداگانہ قومی شناخت کو پہچان سکیں، اور اسی منفرد تشخص کے شعور نے حصولِ وطن کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا۔