انطالیہ (رم نیوز) ترکیہ کی خاتون اول امینہ اردوان نے انطالیہ میں جاری کوپ 31 موسمیاتی کانفرنس کے موقع پر رہنماؤں کے شریک حیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے "گلوبل زیرو ویسٹ الائنس" کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر کے ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے ماحولیاتی مسائل پر بہترین تجربات کا تبادلہ اور مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امینہ اردوان نے کہا کہ اب محض ماحولیاتی انتباہات پر بات کرنے کا وقت ختم ہو چکا ہے، اور ہمیں عملی اقدامات کی طرف بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اصل کامیابی فضلے کی ری سائیکلنگ سے زیادہ اس کی پیداوار کو روکنے میں ہے۔ اس الائنس کے تحت زیرو ویسٹ، پلاسٹک اور پیکیجنگ کا خاتمہ، فوڈ ویسٹ، زیرو ویسٹ زونز اور تعلیم کے شعبے کو ترجیح دی جائے گی۔ اجلاس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے رہنماؤں کے شریک حیات اور عالمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔