لندن (رم نیوز)برطانوی ریگولیٹر 'آف کام' کے دباؤ پر معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم سنیپ چیٹ نے برطانیہ میں 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے فرینڈ سجیشنز بائی ڈیفالٹ بند کر دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو اجنبی افراد کی ناپسندیدہ رسائی اور آن لائن گرومنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ نئے قواعد کے مطابق برطانیہ میں نابالغ صارفین کو اب خودکار طور پر فرینڈ سجیشنز موصول نہیں ہوں گی۔
تاہم یہ فیچر مکمل طور پر ختم نہیں کیا گیا اور نوجوان صارف چاہیں تو فوری طور پر اسے دوبارہ فعال کر سکتے ہیں۔آف کام کے مطابق، پلیٹ فارم کی کم از کم عمر کی حد 13 سال ہونے کے باوجود برطانیہ میں 8 سے 12 سال کی عمر کے 32 فیصد بچے سنیپ چیٹ استعمال کرتے ہیں۔ ریگولیٹر کے مطابق بچوں کی حفاظت میں ناکام رہنے والی ٹیک کمپنیوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔