جنید انوار چوہدری اور میاں محمد منشا کی ملاقات، نئی بندرگاہ کے منصوبے پر اتفاق

اسلام آباد(رم نیوز) جنید انوار چوہدری کی نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشا کے ساتھ ایک اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں بحری شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کے دوران میاں محمد منشا نے نئی بندرگاہ کے تعمیراتی منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بندرگاہوں کی ترقی میں نجی شعبے کی شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی بندرگاہ کی تعمیر سے ملکی برآمدی صنعتوں کو جدید سہولتیں میسر آئیں گی، تجارت کو وسعت ملے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اور پاکستان کو علاقائی تجارتی و ترسیلی (لاجسٹرز) مرکز بنانے میں نمایاں مدد ملے گی۔