ڈبلن(رم نیوز) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کاکہنا ہے کہ روس کے ساتھ جنگی قیدیوں کے تاریخ کے سب سے بڑے تبادلے پر اتفاق ہو گیا ہے، جسے انہوں نے جاری امن مذاکرات کی ایک بڑی اور حقیقی کامیابی قرار دیا ہے۔ امریکی صدر کے خصوصی نمائندوں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ڈبلن میں ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زیلنسکی نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کا سب سے بڑا تبادلہ ہوگا، جو جنگ کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وہ ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے پُرامید نظر آئے کہ اس عمل سے تنازع کو سمیٹنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ کے مذاکرات میں یورپی نمائندوں کو بطور باضابطہ فریق شامل کیا جائے، اگرچہ کریملن نے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
امن مذاکرات کا ثمر، روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ