استنبول (رم نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان استنبول میں ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد، دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر باضابطہ دستخط کیے گئے۔ ترک ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے مطابق، اس موقع پر سب سے اہم معاہدہ قطر اور ترکیہ کے درمیان باہمی دفاع کا طے پایا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طے پانے والا باہمی دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ ثابت ہوگا۔سپریم سٹریٹیجک کمیٹی کے 12ویں اجلاس کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے تحت جن پانچ شعبوں میں معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پائیں، ان میں باہمی دفاعی تعاون کا معاہدہ،تعلیم کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ،امن و مصالحت اور تنازعات کے حل سے متعلق مفاہمتی یادداشت،صارفین کے تحفظ اور مارکیٹ نگرانی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت،سٹریٹیجک کمیٹی کے اعلامیے سے متعلقہ دیگر دستاویزات شامل ہیں