کیوبا کے حالات انتہائی خراب، صدارت کی مدت ختم ہونے سے پہلے مسئلہ حل کر کے دم لیں گے: امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اپنی صدارت کا وقت پورا ہونے سے قبل کیوبا کا معاملہ ہر صورت حل کرنا چاہتے ہیں، اور اس مقصد کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کے آپشن کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کیوبا اس وقت ایک ناکام ریاست بن چکا ہے اور وہاں حالات ابتر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مارکو روبیو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس مسئلے کے حل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات کیوبا کے ان عوام کے لیے ہیں جنہیں شدید مشکلات اور ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے تیل کی سخت ناکہ بندی کے نتیجے میں کیوبا پہلے ہی شدید معاشی بحران، ایندھن کی قلت اور بجلی کی بندش جیسے مسائل کی لپیٹ میں ہے۔