انطالیہ میں طے پانے والا سیاسی عزم پیرس معاہدے کے اہداف کی تکمیل کی ضمانت ہے: صدر اردوان

انطالیہ (ر م نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انطالیہ میں منعقد ہونے والے COP31 سربراہی اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کی طرف سے دکھایا جانے والا سیاسی عزم پیرس معاہدے کے اہداف کو حقیقت بنانے کے لیے ایک بہترین شگون ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے ہدف کو قابلِ رسائی بنانے کے لیے اس عزم اور حوصلے کو مسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ مشکل بین الاقوامی حالات کے اس دور میں عالمی قائدین کا ایک چھت کے نیچے جمع ہونا اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ماحولیاتی مسائل کا حل صرف باہمی تعاون میں پنہاں ہے۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ COP31 کو ایک "عملی اقدامات پر مبنی سربراہی اجلاس" کا نام دیا گیا ہے، اس لیے اب تمام ممالک اور مالیاتی اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے سابقہ وعدوں کو زبانی جمع خرچ سے نکال کر ٹھوس اور عملی نتائج میں تبدیل کریں۔