اسلام آباد (رم نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور عدم استحکام سے تجارتی راستے اور سرمایہ کاری متاثر ہوتی ہے۔
اسحاق ڈار نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ خطے کی مکمل ترقی کے لیے پرامن اور مستحکم افغانستان ضروری ہے، تاہم اس کے لیے افغان حکام کو ہمسایہ ممالک کے سکیورٹی خدشات کا خیال رکھنا ہوگا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔