سپر پاورز کی نئی صف بندی؟ شینزن سمٹ میں امریکہ، چین اور روس کی ممکنہ سہ فریقی ملاقات اور جوہری ہتھیاروں کا مستقبل

واشنگٹن/بیجنگ(رم نیوز)ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) سمٹ کے تناظر میں ہونے والی حالیہ پیش رفت نے عالمی سفارتی حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔ چین کے شہر شینزن میں جاری اس اہم ترین اجلاس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے مابین ٹیلیفونک رابطہ اس بات کا غماز ہے کہ دنیا کی بڑی طاقتیں اب باضابطہ طور پر بڑے فیصلوں کے لیے مکالمے کی میز پر آ رہی ہیں۔ یہ رابطہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تزویراتی امور پر چین اور امریکہ کے مابین رابطے اب ایک اہم موڑ پر داخل ہو چکے ہیں۔

اس ٹیلیفونک رابطے کے فوری بعد اب نظریں شینزن سمٹ کی سائیڈ لائنز پر ہیں، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ایک ممکنہ سہ فریقی ملاقات کے حوالے سے چہ مگوئیاں عروج پر ہیں۔ مبصرین کے نزدیک اگر یہ سمٹ طے پاتی ہے تو یہ عالمی سیاست بالخصوص جوہری تخفیفِ اسلحہ اور سکیورٹی ارکیٹیکچر کے حوالے سے ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔

تاہم دوسرا پہلو یہ ہے کہ جہاں واشنگٹن اس ممکنہ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول پر کھل کر بات کرنے کا خواہاں ہے، وہیں بیجنگ نے تاحال اس امر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے کہ ایجنڈے میں جوہری امور کو شامل کیا جائے گا یا نہیں۔یہ انتہائی دلچسپ ہوگا کہ آیا شینزن کی یہ ممکنہ بیٹھک محض علامتی سفارت کاری تک محدود رہتی ہے یا یہ دنیا کو ایک نئے اور محفوظ تزویراتی دور کی طرف لے جانے میں کامیاب ہوتی ہے۔