ٹیک اینڈ ٹریننگ ، کیا اے آئی کا دور انسانی ٹرینرز کی اہمیت کو ختم کر رہا ہے؟

دبئی(رم نیوز) مصنوعی ذہانت کے انقلاب نے کارپوریٹ سیکٹر میں سیکھنے اور سکھانے کے معاشی اور عملی ڈھنگ کو یکسر بدل دیا ہے۔ اب جہاں ایک جانب اے آئی کی مدد سے منٹوں میں جامع تربیتی پروگرامز، ماڈیولز، اور کیس سٹڈیز تیار کی جا سکتی ہیں، وہاں یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ کیا ڈیجیٹل مواد کی یہ فراہمی بہترین تربیت کا حقیقی نعم البدل بن سکتی ہے؟۔ اس حوالے سے کارپوریٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب مہنگے کنسلٹنٹس کے بغیر اے آئی کے ذریعے کم وقت اور لاگت میں مواد تیار کرنا ممکن ہو چکا ہے۔

تاہم اس حقیقت کے باوجود یہ بھی قابل ذکر ہے کہ تربیت محض معلومات یا سلائیڈز کی منتقلی کا نام نہیں ، ایک بہترین ٹرینر کی اصل طاقت اس کے گہرے انسانی اوصاف میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ ماہرین کے نزدیک ٹرینر میں یہ خوبیاں ہوتی ہیں جیسے کہ حاضرین کے رجحانات اور الجھنوں کو بھانپتے ہوئے لیکچر کے انداز کو ڈھالنا، نظریاتی تصورات کو عملی زندگی کی مثالوں اور ذاتی تجربات سے جوڑ کر سمجھانا،شرکاء کے ساتھ ایسا دوستانہ اور محفوظ تعلق بنانا جہاں وہ بغیر کسی جھجھک کے سیکھ سکیں۔

انتہائی قابل غوربات یہ ہے کہ اے آئی بلاشبہ معلومات کی فراہمی، لاگت میں کمی اور رسائی کو آسان بنانے میں ایک بہترین ٹول ہے، لیکن مستقبل کا کامیاب کارپوریٹ لرننگ نظام مصنوعی ذہانت اور انسانی تربیت کاروں کا باہمی امتزاج ہونا چاہیےجہاں اے آئی فیکٹس اور ڈھانچہ فراہم کرے، جبکہ انسانی ٹرینر اس میں جذبے، تحریک اور حقیقی رابطے کویقینی بنائیں۔