شینزن(رم نیوز) شینزن سمٹ پر اس وقت دنیا کی نظریں ہیں۔ یہ قابل ذکر ہے کہ جب بھی دنیا کے چند طاقتور ترین ممالک کے سربراہان بند کمروں میں بیٹھ کر عالمی مستقبل کے فیصلے کرنے لگتے ہیں، تو دنیا کے نقشے پر موجود چھوٹے اور درمیانے درجے کے ممالک کے خدشات اور تحفظات بڑھ جاتے ہیں ۔ شینزن سمٹ کی وجہ سے برلن سے لے کر کیف تک ہلچل ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس متوقع سہ فریقی ملاقات پر بالکل دوٹوک انداز میں اپنے خوف کا اظہار کیا ، وہ صاف کہتے ہیں کہ وہ ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ یہ ملاقات دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی اس بدنام زمانہ ’یالٹا کانفرنس‘ کی یاد تازہ کرے۔ زیلنسکی کا یہ کہنا کہ اگر یہ ملاقات کسی نئی ’یالٹا‘ میں تبدیل ہوئی تو یہ روس کی دوسری بڑی سفارتی فتح ہوگی۔
صرف یوکرین ہی نہیں، بلکہ پورا یورپ اس وقت ایک گہری سفارتی بے چینی کی لپیٹ میں ہے۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے سے متعلق کسی بھی بات چیت میں یورپ کی شمولیت ناگزیر ہے، دراصل برلن اور بروکسل کے اس اجتماعی احساس کی عکاسی کرتا ہے کہ عالمی سیاست کی بساط پر بڑے ممالک اب انہیں نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جب امریکہ، چین اور روس کے رہنما شینزن جیسے متحرک مرکز میں ایک میز پر جمع ہوں، تو وہاں محض رسمی باتیں نہیں ہوتیں۔ اس کے پس پردہ یوکرین کی جنگ کو سمیٹنے کے فارمولے، جوہری ہتھیاروں کے توازن کو برقرار رکھنے کے معاہدے اور مشرقِ وسطیٰ کے سلگتے ہوئے میدانوں کےمعاملات طے کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا دنیا اب ایک بار پھر اسی پرانی روش(دو قطبی یا چند قطبی) دنیا کی طرف لوٹ رہی ہے جہاں بڑے ممالک آپس میں ہاتھ ملا کر چھوٹے ملکوں کی قسمت کے فیصلے کریں گے۔ شینزن کا یہ اجلاس محض ایک ملاقات نہیں، بلکہ آنے والے کئی دہائیوں کی عالمی سفارت کاری کا وہ سنہری دورہے جو طے کرے گا کہ دنیا میں طاقت کا توازن کس کے ہاتھ میں رہے گا۔