امریکہ کسی بڑے سائبر حملے یا سازش کی زد میں نہیں: وزیر خارجہ مارکو روبیو

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے حالیہ دنوں ملک بھر میں پیش آنے والی متعدد تکنیکی خرابیوں کے درمیان کسی بھی باہمی تعلق کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ تمام واقعات کسی منظم سائبر حملے یا سازش کا حصہ ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے تسلیم کیا کہ متواتر واقعات کی وجہ سے لوگ فکر مند ہیں، تاہم امریکی حکومت کے پاس ایسا کوئی ثبوت یا شواہد موجود نہیں جو یہ ظاہر کریں کہ یہ تمام خرابیاں آپس میں منسلک ہیں یا کسی دشمن ملک کی سائبر کارروائی کا نتیجہ ہیں۔ ان کا دوٹوک مؤقف تھا کہ امریکہ فی الحال کسی بھی منظم سائبر حملے کی زد میں نہیں ہے، اور ان تمام الگ الگ تکنیکی خرابیوں کی وجوہات بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔