شینزن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے چین اور روس سے مدد لینے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اس سلسلے میں کسی ملک کی مدد درکار نہیں ہے۔فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے، جب کہ اس کی میزائل صلاحیت گھٹ کر صرف 12 سے 13 فیصد تک رہ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول حاصل ہے اور ایران اب خود امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہے، تاہم وہ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران ایران کے معاملے پر کسی قسم کی مدد نہیں مانگیں گے۔ چین کے ساتھ تعلقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جب کہ شینزن آمد پر چینی صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔