پاکستان اور مالدیپ کا تجارت و بحری روابط بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم ہوگا

اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت اور بحری تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری اور مالدیپ کے وزیر تجارت محمد سعید کے آن لائن اجلاس میں کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور مشیر صنعت ہارون اختر خان بھی شریک تھے۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ بہتر بندرگاہی روابط سے باہمی تجارت کا حجم 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے، جب کہ پاکستان چاول، چینی، پھل، سبزیوں، ادویات اور ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانا چاہتا ہے۔ مشترکہ ورکنگ گروپ نئے تجارتی مواقع اور سرمایہ کاری پر تجاویز دے گا، جب کہ پاکستانی وفد جلد مالدیپ کا دورہ بھی کرے گا۔