راولپنڈی (رم نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں سے حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور مادرِ وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کی اعلیٰ تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔اس موقع پر خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کے پی پولیس کو فرنٹ لائن کی دلیر فورس قرار دیا اور دہشت گردی و "فتنہ الخوارج" کے خلاف ان کی استقامت اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کے قریبی تعاون سے سکیورٹی فورسز کے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی لعنت کا فیصلہ کن خاتمہ کیا جائے گا۔