اسلام آباد(رم نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہر بچے کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کی تجدید پر زور دیا ہے۔ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہر بچے کے تحفظ کی ذمہ داری یاد دلاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ ہر نوجوان کو آگے بڑھنے، سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع ملیں۔اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانا چاہیے جہاں ہر بچہ محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کر سکے، باوقار انداز میں پروان چڑھے اور امید کے ساتھ ایک روشن مستقبل کی طرف دیکھ سکے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بچوں کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، جس میں ان کی جسمانی و ذہنی فلاح، فکری نمو، تعلیم اور بنیادی حقوق کا تحفظ شامل ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک بھر میں دانش سکولوں کا قیام معیاری تعلیم کی فراہمی اور بچوں کی صلاحیتوں و ٹیلنٹ کو پہچاننے، نکھارنے اور پروان چڑھانے کے لیے حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔