اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔وزیراعظم سے اسلام آباد میں قطر کے وزیرِ داخلہ اور داخلی سلامتی فورس کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قطری وزیرِ داخلہ کے اس دورے سے دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
انہوں نے قطر کے امیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے قطری قیادت کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کو آگے بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔