جدید ٹیکنالوجی سے ماہی گیری کو ترقی دیں گے، غیر قانونی شکار روکنا اور سمندری حیات بچانا ناگزیر ہے: جنید انوار چوہدری

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ سے ماہی گیری کے شعبے کو ترقی دی جائے گی اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی سمندری خوراک کی مسابقت بڑھائی جائے گی۔

عالمی یومِ ماہی گیری کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پائیدار ماہی گیری سے ملکی سمندری معیشت مضبوط ہوگی، جس کے لیے مچھلی کی پراسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کی سہولتوں کو جدید بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندری ماحول اور آبی وسائل کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی شکار کی روک تھام اور سمندری حیات کو بچانا ناگزیر ہے، جبکہ ماہی گیری کے شعبے میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی بڑھائے جائیں گے۔