مسئلہ قبرص کو کسٹمز یونین سے نہ جوڑا جائے، یورپی یونین یونانی قبرصی دباؤ میں نہ آئے: ترک وزیر خارجہ

انقرہ(رم نیوز) ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ یونانی قبرصی انتظامیہ کو ترکیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کا مستقبل "یرغمال" بنانے کی اجازت نہ دے، اور خبردار کیا کہ اس طرح کا طرزِ عمل گمراہ کن ثابت ہوگا۔ ترک سفارتی ذرائع کے مطابق، انقرہ میں یورپی کمیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے ہم آہنگی و اصلاحات رافیل فٹو سے ملاقات کے دوران حاقان فیدان نے دونوں فریقین کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے ان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور یورپی یونین باہمی مفادات کی بنیاد پر اہم اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔

ترک وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کسٹمز یونین کو جدید خطوط پر استوار کرنا ترکیہ اور یورپی یونین کے مشترکہ معاشی مفاد میں ہے، لہٰذا اس معاملے کو قبرص کے تنازع کے ساتھ نہیں جوڑا جانا چاہیے۔دوسری جانب، ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیہ جزیرے کے مادرِ وطن اور ضامن ملک کی حیثیت سے ترک قبرصی عوام کے تحفظ، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ مساوی شراکت دار کے طور پر آزادانہ زندگی گزارنے کے ان کے حق کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انقرہ کا مؤقف ہے کہ مسئلہ قبرص کا سب سے حقیقت پسندانہ حل جزیرے پر دو ریاستوں کا بقائے باہمی ہے اور عالمی برادری کو ترک قبرصیوں کی خودمختار مساوات اور مساوی بین الاقوامی حیثیت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ ترکیہ کے مطابق یونانی قبرصی فریق کی جانب سے ترک قبرصیوں کے بنیادی حقوق تسلیم نہ کرنے اور سیاسی و معاشی اختیار میں شراکت سے انکار کی وجہ سے یہ مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔