پانچ برس میں سٹارٹ اپ سے 1.76 ٹریلین ڈالر تک، وہ سات نوجوان کون ہیں جنہیں 'اینتھروپک' نے راتوں رات ارب پتی بنا دیا؟

نیویارک(رم نیوز) مصنوعی ذہانت کی دنیا میں نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے امریکی کمپنی 'اینتھروپک' نیویارک سٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہو گئی ہے۔ محض پانچ سال قبل قائم ہونے والی اس کمپنی کی مجموعی مالیت حصص کی عوامی فروخت کے بعد تقریباً 1.76 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی ہے، جس کے ساتھ ہی اس کے ساتوں بانی راتوں رات ارب پتی بن گئے ہیں۔ اینتھروپک پہلی ایسی مکمل اے آئی کمپنی ہے جس نے عوامی سطح پر اپنے حصص فروخت کیے ہیں۔ کمپنی نے فی شیئر قیمت 83 ڈالر مقرر کی تاہم سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث طلب دستیاب حصص سے 10 گنا زیادہ رہی۔ اس پیش رفت کے بعد اینتھروپک قدر کے لحاظ سے وال مارٹ اور سام سنگ سے آگے نکل کر ٹیسلا اور میٹا کے ہم پلہ آ کھڑی ہوئی ہے۔

2021 میں اوپن اے آئی چھوڑنے والے سات سابق ملازمین کی جانب سے قائم کی جانے والی اس کمپنی کی قیادت بہن بھائی ڈاریو امودی (سی ای او) اور ڈینیلا امودی (صدر) کر رہے ہیں، جبکہ دیگر بانیوں میں ٹام براؤن، جیک کلارک، جیرڈ کپلان، کرس اولا اور سیم میک کینڈلش شامل ہیں۔ دوسری جانب، رواں سال ستمبر تک کے نو ماہ میں کمپنی کی آمدنی 33 ارب ڈالر رہی تاہم اسے 104 ارب ڈالر کے بھاری نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ معاشی ماہرین اور امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو نے بڑھتے اخراجات، چپس کی قلت اور سخت ضوابط کے خدشات کے پیشِ نظر کمپنی کے مستقبل میں منافع بخش ہونے سے متعلق چیلنجز کی نشاندہی کی ہے۔