اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترکیہ کے وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بیرکتار اور ان کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور معاونت اور تحقیقی بحری جہاز "اوروچ رئیس" پاکستان بھجوانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سمندر میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، جبکہ دونوں ممالک کے پاس معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔دوسری جانب، ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیرکتار نے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقی جہاز "اوروچ رئیس" کی آمد پاک ترک توانائی تعاون کے ایک نئے دور کی شروعات ہے اور ترکیہ پاکستان کو اپنی سائنسی و انجینئرنگ صلاحیتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ "اوروچ رئیس" سندھ اور مکران کی سمندری حدود میں تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے انجام دے گا، جس سے جمع ہونے والا سائنسی ڈیٹا مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے منصوبوں کا تعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔