پاک ترک سٹریٹجک شراکت داری عملی مرحلے میں داخل، 'اوروچ رئیس' 670 مربع کلومیٹر سمندری رقبے کا سروے کرے گا

کراچی(رم نیوز) پاک ترک توانائی معاہدوں پر عملی پیشرفت کے تحت ترکیہ کا جدید تحقیقی جہاز "اوروچ رئیس" کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیرکتار کے مطابق جہاز انڈس سی بلاک میں 670 مربع کلومیٹر کے سمندری رقبے پر دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گا، جس کی روشنی میں آئندہ سال تیل و گیس کے لیے کھدائی شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پانچ بلاکس کے لائسنس مکمل ہونے کے بعد دونوں ممالک کے اداروں نے مشترکہ کام کا آغاز کر دیا ہے اور ترکیہ بحیرہ اسود میں گیس دریافت کرنے کا کامیاب تجربہ پاکستان میں بھی دہرانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں تین مقامات پر تانبے، سونے اور اینٹیمنی کے ذخائر تلاش کرنے کے دو مشترکہ معاہدوں اور تکنیکی تعاون کی سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔