مشرق وسطیٰ امریکہ اور ایران کے درمیان نئی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا: قطری وزیر اعظم

واشنگٹن(رم نیوز) قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کاکہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ امریکہ اور ایران کے درمیان نئی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور دوحہ دونوں فریقین کے مابین تعطل کا شکار مذاکرات کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ہمراہ آٹھویں امریکہ قطر سٹریٹجک ڈائیلاگ کے موقع پر فریقین نے آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی کو عالمی توانائی کی منڈیوں کے لیے ناگزیر قرار دیا، جبکہ 38 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت قطر کے فضائی و میزائل دفاعی نظام کو مضبوط بنانے اور علاقائی امن کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے قطر کی عالمی ثالثی کو سراہتے ہوئے اس کی سلامتی کے لیے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے غزہ، ایران، شام، لبنان اور افغانستان سمیت دیگر علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔