ٹیلی کام کمپنیوں پر مجوزہ پابندیاں غیر منصفانہ اور دوطرفہ معاشی تعلقات کے لیے خطرہ ہیں: چین

بیجنگ(رم نیوز)چین کاکہنا ہے کہ امریکہ چینی ٹیلی کام کمپنیوں کی امریکی فون نمبرز تک براہِ راست رسائی پر عائد مجوزہ پابندیاں فوری طور پر واپس لے، ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ بیجنگ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ چینی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے کہا کہ امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے قومی سلامتی کے تصور کو بے جا وسعت دیتے ہوئے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے اور بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے چینی کمپنیوں پر من مانے الزامات عائد کیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہ اقدامات منصفانہ مسابقت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاقِ رائے اور دوطرفہ معاشی و تجارتی تعلقات کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی کمیشن نے قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے چائنہ موبائل، چائنہ ٹیلی کام اور چائنہ یونی کام سمیت دیگر چینی آپریٹرز کی امریکی فون نمبرز تک براہِ راست رسائی روکنے کی تجویز منظور کی تھی۔