کراچی(رم نیوز)چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ پاکستان کسٹمز عرفان جاوید کی مشترکہ صدارت میں گوادر پورٹ اتھارٹی اور کسٹمز حکام کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کلکٹر کسٹم گوادر عبدالباسط، سی او پی ایچ سی ایل کے مسٹر وانگ، اور صدر گوادر چیمبر آف کامرس میر نوید کلمتی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گوادر پورٹ کے ذریعے ایران، وسطی ایشیائی ریاستوں اور علاقائی منڈیوں تک زمینی تجارت کے فروغ، گبد/ریمدان بارڈر پر تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے، اور کسٹمز کارروائیوں کو ڈیجیٹائز کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال گوادر پورٹ پر پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ٹرانشپمنٹ کے تحت 22 بلک ویسلز کا کارگو ہینڈل کیا گیا، جبکہ گبد بارڈر پر اب تک 358 گاڑیوں کی کسٹمز پراسیسنگ مکمل ہو چکی ہے۔ شرکاء نے گبد بارڈر پر گاڑیوں کی طویل قطاروں اور تاخیر کے خاتمے کے لیے 'ویبوک' سسٹم فعال بنانے، ایکسپورٹ و ٹی آئی آر کارگو کے لیے الگ یارڈ مختص کرنے اور این ایل سی کے بانڈڈ ایریا کی جلد تکمیل پر زور دیا۔